نئی دہلی، یکم جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)عام آدمی پارٹی کے سابق وزیر کپل مشرا جمعرات کو راج گھاٹ پہنچے۔انہوں نے یہاں کہا کہ ہم عدم تشدد کا ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔دراصل کپل مشرا کا الزام ہے کہ بدھ کو ان پر دہلی اسمبلی میں حملہ کیا گیا۔عام آدمی پارٹی کے ممبران اسمبلی نے ان سے مارپیٹ کی،اسے لے کر این ڈی ٹی وی سے خاص بات چیت میں کپل مشرا بولے کہ بدھ کو مجھ پر ہی حملہ نہیں ہوا، راہل شرما پر بھی ہوا، جنہوں نے پی ڈبلیو ڈی کو لے کر اروند کجریوال کے ساڑھو پر بدعنوانی کے الزام لگائے تھے۔ان پر گریٹر نوئیڈا میں گولی چلائی گئی، لیکن غنیمت رہا کہ گولی نہیں چل پائی اور ان کی جان بچ گئی۔کپل شرما نے اس معاملے میں ٹوئٹ کرکے کہا کہ کجریوال کے رشتہ دار بنسل کے گھوٹالے کو اجاگر کرنے والے راہل شرما پر فائرنگ،خدا مہربان ہے،وہ بچ گئے۔
کپل مشرا نے الزام لگایا کہ جو بھی اروند کجریوال یا ان کے رشتہ داروں کے خلاف بول رہا ہے، انہیں ڈرانے، دھمکانے اور قتل کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔آج میں مہاتما گاندھی کی سمادھی پر آیا ہوں،ہم باپو سے طاقت اور توانائی لیتے ہیں، لیکن اروند کجریوال اس غلط فہمی میں نہ رہیں، ہم نے بھگت سنگھ کو بھی پڑھا ہے۔جب سوال کیا گیا کہ آپ ممبران اسمبلی کا کہنا ہے کہ آپ کی دماغی حالت بگڑ چکی ہے تو کپل مشرا بولے فوٹیج سارے ملک نے دیکھی ہے،تشدد کر کے ہمیں دبانے کی کوشش ہو رہی ہے،ابھی تک آپ نے الزام لگائے اور جانچ ایجنسیوں تک گئے، ثبوت کب پیش کریں گے؟ کپل مشرا نے کہا کہ ہفتہ کی شام کو عوام کے سامنے سارے ثبوت رکھے جائیں گے۔